بھٹکل 9؍ستمبر(ایس او نیوز) دبئی عرب امارات میں ہورہے حفظ قرآن کے بین الاقوامی مقابلے میں جہاں ہندوستان کی نمائندگی ضلع جنوبی کینرا کے انچارج وزیر یو ٹی قادر کی دخترحافظہ حوّا نسیمہ (13سال)کررہی ہے ، وہیں پر کینیڈاسے بھی نمائندگی کرنے والی واحد حافظہ کا تعلق بھٹکل کے پڑوسی شہر شیرور سے نکل آیا ہے۔
شیخہ فاطمہ بنت مبارک کے نام سے منسوب اس بین الاقوامی حفظ قرآن مقابلے میں تقریبا70ممالک سے منتخب کی گئی 25سال تک کی عمر والی63 حافظات شریک ہورہی ہیں۔یہ مسابقہ حفظ قرآن 4نومبر سے شروع ہوکر16نومبر کو اختتام پذیر ہوگا۔مسابقہ جیتنے والی حافظہ کو تقریباً پچاس لاکھ روپے انعام میں ملیں گے۔ یوٹی قادر صاحب کی صاحبزادی کے تعلق سے ساحل آن لائن نے اس سے پہلے تفصیلی رپورٹ شائع کی تھیں۔ اب تازہ معلومات کے مطابق کینیڈا سے مسابقے میں شریک ہونے والی حافظہ کا نام مروہ عائشہ ہے جو کہ شیرور کے محمد حنیف مُگڑی اور ریحانہ کی صاحبزادی ہے اور برہماور کے عبدالکریم خان صاحب کی نواسی ہے۔مگروہ اپنے والدین کے ساتھ کینیڈا میں مقیم ہے اور اس کی شہریت کینیڈا کی ہے۔